ایران اسرائیل تنازع پاکستان نے امریکا کے دو اہم دورے ملتوی کردیے

وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے فلسطین پر اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس کے لیے جبکہ تجارتی وفد نے ٹیرف پر مذکرات کے لیے دورہ کرنا تھا.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 15 جون 2025 15:08

ایران اسرائیل تنازع پاکستان نے امریکا کے دو اہم دورے ملتوی کردیے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 جون ۔2025 )پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث امریکا کے دو اہم دورے ملتوی کردیے ہیں جن میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور تجارتی وفد کا دورہ امریکا شامل ہے سرکاری ذرائع کے حوالے سے” ڈان نیوز“نے بتایا ہے کہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے نیویارک میں فلسطینی ریاست کے قیام سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ایک کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہونے والے تھے لیکن جمعہ کو فرانس اور سعودی عرب جو اس کانفرنس کے مشترکہ میزبان تھے نے اقوامِ متحدہ سے درخواست کی کہ یہ اجلاس ملتوی کر دیا جائے.

(جاری ہے)

یہ درخواست اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں کے بعد کی گئی، پیرس میں گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کو آگے بڑھانے والی اس کانفرنس کو موخر کیا گیا ہے لیکن یہ جلد منعقد کی جائے گی. صدر میکرون نے کہا کہ ہمیں سیکیورٹی اور لاجسٹک وجوہات کی بنا پر اس کانفرنس کو موخر کرنا پڑ رہا ہے لیکن یہ جتنی جلد ممکن ہو، منعقد کی جائے گی مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے ایک اور مجوزہ دورہ بھی موخر ہو گیا ہے اسلام آباد سے واشنگٹن جانے والے تجارتی وفد کو ٹیرف سے متعلق مذاکرات کرنا تھے.

گزشتہ ہفتے ایک پریس بریفنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یہ تجارتی وفد اگلے ہفتے مذاکرات کے لیے پہنچے گا تاہم اب یہ دورہ موخر کر دیا گیا ہے ذرائع نے بتایا کہ دورے کے نئے شیڈول پر پر کام کر رہے ہیں جس کے بعد تجارتی وفد دورے کے نئے شیڈول کے تحت امریکا جائے گا.