باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار، دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق

دلہا باراتیوں کے ساتھ دلہن لینے جا رہا تھا کہ راستے میں موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی دریا میں جا گری

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 14:15

باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار، دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں ..
گلگت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) گلگت میں باراتیوں کی گاڑی حادثے کا شکار ہونے سے دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ یہ افسوسناک حادثہ چھلت نگر میں پیش آیا جہاں باراتیوں کی گاڑی دریا میں گرگئی، دلہا باراتیوں کے ساتھ دلہن لینے جا رہا تھا کہ راستے میں موڑ کاٹتے ہوئے گاڑی دریا میں جا گری، اس حادثے کے نتیجے میں دلہا سمیت ایک ہی خاندان کے 6 افراد موت کے منہ میں چلے گئے، جن میں سے 3 افراد کی لاشیں جلد ہی مل گئیں جنہیں ریسکیو اہلکاوں نے دریا سے باہر نکالا۔

ادھر ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقے املوک تل شاہ ڈھیرئی میں باراتیوں سے بھری فلائنگ کوچ گہری کھائی میں گرنے سے بچی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب شادی میں شرکت کے لیے جانے والی گاڑی پہاڑی میں موڑ کاٹتے ہوئے ڈرئیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گرگئی، حادثے میں تینتالیس سالہ بلال خان سکنہ گودا اور ایک کمسن بچی خدیجہ موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں سوار دیگر بیس افراد رضیہ بی بی زوجہ محمد زادہ، عمر 40 سال، سکنہ مردان،نصیبہ بی بی دختر دوا خان، عمر 24 سال، سکنہ اٹک،نایاب بی بی، عمر 17 سال، سکنہ مردان،روشنی بی بی دختر اجمل، عمر 20 سال، سکنہ برہ بانڈئی،سدیس ولد شیر افضل، عمر 23 سال،فیض اللہ ولد عبدالقیوم، عمر 32 سال،شازیہ بی بی زوجہ فیض اللہ، عمر 25 سال،سمن بی بی دختر فیض اللہ، عمر 4 سال،حمدان ولد فیض اللہ، عمر 3 سال،عدنیہ دختر حضرت علی، عمر 5 سال، ارسلان ولد عمر زادہ، عمر 5 سال، سکنہ سرگودھا، جواد ولد پرویز، عمر 8 سال، سکنہ گوندل پنجاب،عدنان ولد حضرت علی، عمر 6 سال، تنویر ولد پرویز، عمر 5 سال،شایان ولد سنز علی، عمر 8 سال، سکنہ مٹہ،انعام اللہ ولد محمد راضی خان، عمر 15 سال، سکنہ ہزارہ، کبل زخمی ہوئے۔

بتایا جارہا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 سوات کی میڈیکل ٹیم اورپولیس موقع پر روانہ ہوئی، بروقت کارروائی کی بدولت مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا، ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جبکہ شدید زخمیوں کو سیدو شریف کے سنٹرل ہسپتال اور دیگر زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال دیولئی منتقل کیا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔