میانوالی، سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، 3 دہشت گرد ہلاک

رحمانی خیل موڑ کے قریب خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے رائفلیں ، 3 دستی بم اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 23 مئی 2025 13:05

میانوالی، سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا، 3 دہشت گرد ہلاک
میانوالی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 مئی 2025)میانوالی میں سی ٹی ڈی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنائے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،6 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے،سی ٹی ڈی حکام کے مطابق میانوالی کے علاقے رحمانی خیل موڑ کے قریب خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی، میانوالی کے علاقے رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 6 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے رائفلیں ، 3 دستی بم اور بارودی مواد بھی برآمد کر لیا گیا۔ فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے رمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کرلی ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ دہشتگردوں نے میانوالی میں پولیس چوکیوں پرحملے کا منصوبہ بنایا تھا۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے ضلع زیارت میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق فورسز نے زیارت کے علاقے سنجاوی میں ایک اور بڑی تباہی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی تھی۔

ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔ملزمان دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث تھے۔ذرائع کایہ بھی کہنا تھا کہ ان دہشتگردوں کے خلاف پہلے سے خفیہ اطلاعات موجود تھیں جس پر کارروائی کی گئی تھی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ کارروائی بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے عزم اور عملی اقدامات کی ایک اور نمایاں مثال تھی۔