امریکہ جانے کیلئے شہری کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کی درخواست پرجواب طلب

جمعہ 23 مئی 2025 14:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے شہری کی نام نکلوانے کی درخواست پر ڈی جی ایمیگریشن سے 4 جون کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے شہری سید محمد عون کی درخواست پر جمعہ کو ابتدائی سماعت کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست گزارشہری کی بیوی ڈاکٹر ہے اور اعلی تعلیم کے حصول کے لیے امریکہ جانا چاہتی ہے، جس کے لیے وہ خود بھی اہلیہ کے ہمراہ جانا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے خلاف نہ تو کوئی مقدمہ درج ہے اور نہ ہی وہ کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہے، اس کے باوجود ڈی جی ایمیگریشن نے پورے خاندان کو بلیک لسٹ قرار دے دیا ہے اور اس اقدام سے پہلے کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔درخواست گزار کی اہلیہ کو 11 جون کو امریکہ میں متعلقہ ادارے میں رپورٹ کرنا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈی جی ایمیگریشن کو ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4 جون تک ملتوی کر دی۔