Live Updates

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈیمز کا بننا ناگزیر ہے ‘ گورنر پنجاب

جمعرات 28 اگست 2025 19:41

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈیمز کا بننا ناگزیر ہے ‘ گورنر پنجاب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ڈیمز کا بننا ناگزیر ہے، بھارت نے اپنے تحفظ کے لیے ڈیمز بنائے ہیں تو ہمیں بھی اپنی حفاظت کے لیے ایسے ہی اقدامات کرنے ہوں گے،متاثرہ علاقوں سے فوری طور پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور ریلیف سرگرمیوں میں تیزی لانا ہوگی، سیاست کو ایک طرف رکھ کر متاثرہ عوام کی مدد اور بحالی کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے راوی بریج پر سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پنجاب بھر میں اس وقت ایمرجنسی کی صورت حال ہے اور تمام اداروں کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راوی کے مقام پر اس وقت 1 لاکھ 70 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جو گزشتہ 30 سالوں کے دوران آنے والا سب سے شدید سیلابی ریلہ ہے۔

گورنرپنجاب نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ خطرے کے علاقوں سے فوری طور پر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ریلیف سرگرمیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو اس وقت ایکٹو ہونے کی ضرورت ہے اور جہاں خطرہ ہے وہاں لوگوں کو نکالنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز اس وقت فیلڈ میں سیلاب متاثرین کے ریلیف آپریشن میںپوری طرح متحرک ہیں۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں سیاسی نااہلی کی وجہ سے ڈیمز نہیں بن سکے جس کے نتائج آج ہمیں بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا ہمیں اس حوالے سے ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی صورتحال سے بچا جا سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر بھارت نے اپنے تحفظ کے لیے ڈیمز بنائے ہیں تو ہمیں بھی اپنی حفاظت کے لیے ایسے ہی اقدامات کرنے ہوں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوںں کی جانب سے متاثرین کے لئے ریلیف کیمپ قائم کرناخوش آئند عمل ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر متاثرہ عوام کی مدد کی جائے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کسی بھی جگہ پر سزا اور جزا کا نظام نافذ ہونا چاہیے تاکہ جو ادارے کام کر رہے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہو، اور جو کوتاہی برت رہے ہیں ان کا احتساب کیا جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات