Live Updates

آزاد جموں وکشمیریونیورسٹی کے وائس چانسلر کا دورہ جہلم ویلی کیمپس

جہلم ویلی کیمپس کو ماڈل کیمپس بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائیگا،پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری ہمارے طلبہ باصلاحیت، پُرجوش اور اپنے تابناک مستقبل کیلئے پرعزم ہیں،رئیس جامعہ کا زیرتعلیم طلبہ سے خطاب ڈاکٹر امتیاز اعوان کی جانب سے وائس چانسلرو دیگر کو کیمپس میں تعلیمی ترقیاتی، چیلنجز ،مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیاگیا

جمعہ 23 مئی 2025 14:20

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء) جامعہ آزاد جموں و کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے جامعہ کے جہلم ویلی کیمپس کا خصوصی دورہ کیا اور کیمپس کی ترقی، درپیش مسائل کے حل، اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وائس چانسلر کے ہمراہ جامعہ کے اہم عہدیداران بھی موجود تھے، جن میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر خواجہ بشارت، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر شرجیل سعید ، ڈائریکٹر ورکس اظہر علی،ایڈیشنل رجسٹرار سردار ظفر اقبال،ایڈیشنل ڈائریکٹر فنانس سید ذوالقرنین رضاکاظمی، ایڈیشنل کنٹرولر امتحانات محمد برہان بخاری اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان معزز مہمانوں کا ڈائریکٹر جہلم ویلی کیمپس ڈاکٹر امتیاز اعوان، اساتذہ، انتظامیہ اور طلبہ نے پُرجوش استقبال کیا۔ طلبہ نے وائس چانسلر اور مہمانانِ گرامی پر گل پاشی کرتے ہوئے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر امتیاز اعوان نے وائس چانسلر اور پرنسپل آفیسران کو جامع بریفنگ کے ذریعے کیمپس کی پیش رفت، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے منصوبہ جات سے آگاہ کیا۔

اس بریفنگ میں اساتذہ کی تعداد، طلبہ کا اندراج، دستیاب انفراسٹرکچر، لیبارٹری و لائبریری وسائل، بجٹ کی حدود، ٹرانسپورٹ سہولیات اور دیگر اہم نکات شامل تھے۔خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے کیمپس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کیمپس ڈائریکٹر، فیکلٹی اور عملے کی انتھک محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم ویلی کیمپس کو جامعہ کا ماڈل کیمپس بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:‘‘آپ ایک ایسے ادارے کے طالب علم ہیں جو علاقائی و قومی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے۔ یہاں کا انفراسٹرکچر، اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی اور سازگار تعلیمی ماحول قابلِ فخر ہے۔ ہمارے طلبہ باصلاحیت، پُرجوش اور اپنے تابناک مستقبل کے لیے پرعزم ہیں۔ یہ سب کچھ اساتذہ کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے طلبہ کے دلوں میں سیکھنے کی جستجو پیدا کی۔

’’وائس چانسلر نے کیمپس کو درپیش مسائل سے مکمل آگاہی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں طلبہ کی شکایات کے ازالے کے لیے تمام کیمپسز میں شکایت سیل قائم کیے گئے ہیں، اور طلبہ براہِ راست وائس چانسلر کو بھی ای میل کے ذریعے اپنی شکایات ارسال کر سکتے ہیں۔

انہوں نے جہلم ویلی کیمپس کے طلبہ کی ضبط و نظم کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ یہ کیمپس ان کے دل کے بہت قریب ہے اور اسے ہرگز نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔قبل ازیں، افتتاحی خطاب میں ڈاکٹر امتیاز اعوان نے وائس چانسلر اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ UAJK کی اعلیٰ انتظامیہ کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جہلم ویلی کیمپس کو جامعہ کی قیادت مکمل اہمیت دیتی ہے۔

انہوں نے اساتذہ، منتظمین اور طلبہ کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی اور بتایا کہ کیمپس میں ہمیشہ علمی، فکری اور ہم نصابی سرگرمیوں کی روایت رہی ہے، جس کے تحت ماہرین، صنعتی شخصیات اور دانشوروں کو مدعو کیا جاتا ہے تاکہ طلبہ کی ذہنی و فکری نشونما ہو۔نہوں نے مزید کہا کہ کیمپس ہمیشہ سے سابقہ وائس چانسلر صاحبان کی ترجیح رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے وسائل کی فراہمی کبھی نہیں روکی گئی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جہلم ویلی کیمپس کو جامعہ کا مثالی کیمپس بنایا جائے گا۔اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف دار، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر واجد عزیز لون، ڈین سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رفیق، اور ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر خواجہ بشارت نے بھی طلبہ و اساتذہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کیمپس کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور طلبہ کو سیکھنے کے عمل میں سرگرم رہنے کی تلقین کی تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے تیار ہو سکیں۔پروگرام کے آخر میں طلبہ نے ملی نغمے اور حب الوطنی پر مبنی مختلف پروگرامز پیش کیے، جنہیں مہمانوں نے بے حد سراہا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات