عیدالاضحیٰ آمد، مانسہرہ پولیس کی مویشیوں کے چوری کے خدشات کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت

جمعہ 23 مئی 2025 14:50

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) مانسہرہ پولیس نے عیدالاضحیٰ کے قریب آتے ہی مویشیوں کے چوری کے خدشات کے پیش نظر عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ مانسہرہ پولیس کے مطابق عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی جہاں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت میں تیزی آ رہی ہے، وہیں بعض شرپسند عناصر اور مویشی چور گروہ بھی متحرک ہو چکے ہیں۔

اس سلسلے میں مانسہرہ پولیس کی جانب سے حفاظتی اقدامات کو مزید موثر بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری اپنے جانوروں اور املاک کو محفوظ رکھ سکیں۔ ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور کی ہدایت پر تمام تھانوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، پولیس گشت کو بڑھا دیا گیا ہے اور حساس علاقوں میں خفیہ نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

(جاری ہے)

شہری اپنے مویشیوں کو کھلی اور غیر محفوظ جگہوں پر باندھنے سے گریز کریں اور کوشش کریں کہ جانور کسی محفوظ، روشن اور قابلِ نگرانی والے مقام پر رکھے جائیں۔ رات کے وقت خاص طور پر مویشیوں کی حفاظت کا مکمل بندوبست کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، اگر ممکن ہو تو مویشیوں کے ارد گرد نگرانی کا نظام یا سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں۔ علاوہ ازیں مویشی منڈیوں یا دیگر عوامی مقامات پر مشکوک افراد پر نظر رکھیں، اور کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس سٹیشن پر دیں۔مانسہرہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، تاہم عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :