ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، علما ،قومی مشران نے مشترکہ پولیو ،وٹامن اے قطرے پلانے مہم کا افتتاح کردیا

جمعہ 23 مئی 2025 22:57

مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت، علما اور قومی مشران نے مشترکہ طور پر پولیو اور وٹامن اے قطرے پلانے مہم کا افتتاح کردیا۔

(جاری ہے)

ہیڈکوارٹر غلنئی ڈی سی آفس میں منعقدہ تقریب میں علما سے نماز جمعہ اور عوامی اجتماعات میں اور مشران سے حجروں اور جرگوں میں مہم کی افادیت اجاگر کرنے کی اپیل. شرکا کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی.

تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں 26 مئی سے 30 مئی 2025 تک پولیو مہم کے حوالے سے جمعہ کے روز افتتاحی تقریب ڈی سی آفس میں منعقد ہوئی. جس میں ڈپٹی کمشنر ضلع مہمند محمد یاسر حسن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عدنان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شکیل احمد، مولانا عبدالحق سنگر، مولانا امین الحق، مولانا امیراللہ جنیدی، ملک صاحب خان نے شرکت کی اور بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا.

اس موقع پر ڈی ایچ او مہمند ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ یہ مہم رواں ماہ کے 26 مئی سے 30 مئی تک جاری رہے گا،جس سے ضلع بھر میں پانچ سال تک ایک لاکھ بارہ ہزار چار سو انہتر 112469 بچوں کو پولیو کے ساتھ ساتھ وٹامن اے کے قطرے پلائے جائیں گی. انہوں نے کہا کہ مہم کے لئے 475 موبائل، 30 فکسڈ، اور 09 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں. جو کہ گھر گھر جاکر بچوں کو قطرے پلائیں گی.

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد یاسر حسن اور ڈی ایچ او عدنان خان نے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ جامع مساجد میں نماز جمعہ اور دیگر مذہبی اجتماعات میں پولیو کی افادیت میں عوامی شعور اجاگر کریں. انہوں نے والدین اور قومی مشران سے بھی اپیل کی کہ وہ جرگوں میں والدین پر پولیو کے قطرے پلانے اور حفاظتی ٹیکہ جات کورس مکمل کرنے کی تاکید کریں. اور عوام اپنے مسائل اور مطالبات پولیو مہم سے نہ جوڑیں. شرکا نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

متعلقہ عنوان :