Live Updates

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کے اہم اجلاس کا انعقاد

جمعہ 23 مئی 2025 19:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت ہزارہ ڈویژن کے منتخب عوامی نمائندوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں ہزارہ ڈویژن کے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سپیکر صوبائی اسمبلی اور ہزارہ ڈویژن کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ ڈویژنل انتظامیہ کے اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلی نے اس موقع پر ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا۔ علی امین گنڈاپورکا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان نے تحصیل آلائی کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا، جس کو عملی جامہ پہنانا ضروری تھا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے کہا کہ ضلع کا درجہ ملنے سے آلائی کی پسماندگی اور لوگوں کے مسائل کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو ترقی دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اگلے بجٹ میں آلائی کو ضلع بنانے کے لئے درکار فنڈز مختص کئے جائیں۔بٹگرام کے منتخب عوامی نمائندوں نے وزیر اعلی کے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ آلائی کو ضلع کا درجہ دینا علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ اور وقت کی اشد ضرورت تھی، اس فیصلے پر علاقے کے عوام کی طرف سے وزیر اعلی کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات