معصوم بچوں کو نشانہ بنانا نہ صرف انسانیت سوز عمل ہے بلکہ یہ حملہ پوری قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے مترادف ہے،چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت

جمعہ 23 مئی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2025ء) چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت بلخ شیر قاضی نے خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر ہونے والے بزدلانہ اور سفاکانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ناقابلِ معافی جرم قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا نہ صرف انسانیت سوز عمل ہے بلکہ یہ حملہ پوری قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اس افسوسناک واقعے میں معصوم بچوں کی شہادت اور درجنوں کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا تعلیم کی راہ پر گامزن معصوم طلباء پر حملہ ایک انتہائی گھنائونی اور مذموم حرکت ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ تصور ہے۔ ایسے واقعات نہ صرف بچوں کے ذہنوں پر منفی اثرات مرتب کرتے ہیں بلکہ معاشرتی امن و استحکام کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا تحفظ، ان کی تعلیم اور تربیت ہمارے قومی مستقبل کی ضمانت ہے اور ہمیں کسی صورت دہشت گردی جیسے عناصر کے سامنے جھکنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی چیئرمین میونسپل کارپوریشن تربت نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہدائ کے درجات بلند فرمائے اور زخمی بچوں کو جلد صحتیابی عطا کرے آمین انہوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔