خیبر پختونخوا کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کی روسی ماہرین تحقیقات کریں گے

اتوار 31 اگست 2025 18:55

خیبر پختونخوا کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کی روسی ماہرین تحقیقات کریں گے
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)خیبر پختون خوا حکومت کے تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر بنانے والی روسی کمپنی کے ماہرین تحقیقات کے لیے پاکستان آئیں گے جو پاکستانی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق روسی ماہرین کی ٹیم بلیک باکس سمیت تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے پرزوں کا معائنہ کرے گی۔

روسی ماہرین ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات جاننے کی بھی کوشش کریں گے۔تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے دو انجن، گیئر بکس سمیت سینکڑوں کلو وزنی ملبہ تاحال جائے وقوع پر پڑا ہوا ہے جس کو منتقل کرنے کے لیے حکومت نے وفاق سے خصوصی ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، وزنی پرزے اٹھانے کے لیے خصوصی ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے بلیک باکس کو ڈی کوڈ کرنے کی مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے، بلیک باکس یہاں ڈی کوڈ نہ ہونے کی صورت میں روس بھیجا جائے گا، بلیک باکس ڈی کوڈ ہونے پر ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کا پتہ چل سکے گا۔

ذرائع کے مطابق تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کی 2019ئ میں اوور ہالنگ کی گئی تھی۔15 اگست کو ریلیف سرگرمیوں کے دوران ضلع مہمند میں سرکاری ہیلی کاپٹر کریش ہو گیا تھا، حادثے میں 2 پائلٹوں سمیت عملے کے 5 ارکان شہید ہو گئے تھے۔