Live Updates

دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ،ایف ایف سی یومیہ رپورٹ

اتوار 31 اگست 2025 21:00

دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2025ء) فیڈرل فلڈ کمیشن (ایف ایف سی) نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں تریمو کے مقام پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اونچے سے لے کر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب بدستور جاری ہے۔اتوار کو جاری کردہ ایف ایف سی کی یومیہ رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پنجند کے مقام پر 4 ستمبر کو اونچے سے انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔

دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر 5 ستمبر کو بہت اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہےجبکہ ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی بلوچستان اور دریائے کابل کے معاون ندی نالوں میں بھی فلش فلڈنگ (اچانک طغیانی) کا خطرہ ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اور ساہیوال میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شہری سیلاب کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح دریائے سندھ اس وقت گڈو کے مقام پر کم درجے کے سیلاب میں ہے (کمی کا رجحان)جبکہ دریائے چناب اس وقت کھنکی کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب (مستحکم حالت) اور قادرآباد پر اونچے درجے کے سیلاب میں ہے ۔

دریائے راوی بھی اس وقت جسار کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب (کمی کا رجحان) اور بلوکی پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب (کمی کا رجحان) میں ہے۔دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کے سیلاب (مستحکم حالت)اور سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب میں ہے۔تربیلا ڈیم 27 اگست 2025 سے اپنی زیادہ سے زیادہ ذخیرہ سطح 1550 فٹ پر ہے۔ منگلا جھیل کی سطح 1225 فٹ ہے، جو اس کی زیادہ سے زیادہ سطح 1242 فٹ سے 17 فٹ کم ہے۔ تربیلا، چشمہ اور منگلا کے مشترکہ زندہ ذخائر کی مقدار 11.933 ملین ایکڑ فٹ ہے جو کہ دستیاب کل ذخیرہ کی گنجائش 13.316 ملین ایکڑ فٹ کا 89.61 فیصد بنتی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات