پاکستان میں 5سال سے کم عمر بچوں کی ایک تہائی تعداد وٹامن اے اور آئرن کی کمی کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتی ہے،ڈاکٹر عائزہ یاسین

ہفتہ 24 مئی 2025 14:30

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)معروف ماہر امراض اطفال اورڈی ایچ کیو ہسپتال فیصل آباد کے پیڈز وارڈکی سربراہ ڈاکٹر عائزہ یاسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں 5سال سے کم عمر بچوں کی ایک تہائی کے قریب تعداد وٹامن اے اور آئرن کی کمی کے باعث زندگی کی بازی ہار جاتی ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے دیگر ترقی پذیر ممالک میں ہر سال ایک کروڑ بچوں کی نصف تعداد(50 لاکھ) غذائی کمی کا شکار ہو کر لقمہ اجل بنتی ہے، ہمیں شیر خوار بچوں سمیت بڑھتے ہوئے بچوں کے خوراکی مسائل سے احسن انداز میں نبرد آزما ہونا ہو گا تاکہ معصوم بچوں کی بہت بڑی تعداد کو موت کا شکار ہونے سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ فطرت کے تقاضوں کے مطابق بنی نوع انسان زندگی کے آغاز سے ہی بچوں کی خوراکی ضروریات کیلئے کاوشیں بروئے کار لاتے چلے آ رہے ہیں تاکہ نو مولو د بچوں کی غذائی ضروریات ماں کے دودھ سے پوری کرکے ان میں بیماریوں کے رجحانات کم سے کم کرتے ہوئے صحت مند بچوں کا رجحان فروغ پا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانا ہوں گے تاکہ بچوں کو ذہنی و جسمانی کمزوری سے بچایا جا سکے۔