ضلع کرم میں قبائل کے درمیان ایک سال کیلئی''امن تیگہ''رکھ دیا گیا

ہفتہ 24 مئی 2025 19:05

ُ پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء)ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع کرم اشفاق خان کی سربراہی میںضلعی ہیڈ کوارٹر پاراچنار میں قبائلی عمائدین اور مشران کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرم امیر نواز، کمانڈنگ آفیسر 39-AK پاک آرمی کرنل علی، ونگ کمانڈر 116 ونگ تائیدہ فورٹ کرنل شاہد جمیل، سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری، سابق ایم این اے حاجی ملک فخر زمان اور انجمن حسینیہؑ کے ممبران شریک ہوئے۔

جرگہ نے ضلع کرم کے امن و امان کے حالیہ صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور کافی گفت وشنید اور غوروخوض کے بعد فریقین کی باہمی رضا مندی سے بوشہرہ، ڈنڈر، تائیدہ، مالی خیل، احمدزئی، میرباخیل، شاخ اور شاخ دولت قبائل کے درمیان ایک سال کیلئے ''امن تیگہ'' رکھ دیا گیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں علاقائی مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے فریقین کے باہمی تعاون سے عنقریب کام کا آغاز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی مشران حاجی ملک فخر زمان، حاجی ساجد حسین طوری، حاجی حامد حسین، ریٹائرڈ ڈائریکٹر آئی بی رحیم گل بنگش، عابد مالیار، ملک حسین مالی خیل اور دیگر نے متفقہ طور پر ضلع کرم میں موجودہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب نے مل کر ضلع کرم میں امن و امان، بھائی چارے اور رواداری کو فروغ دینا ہے۔

امن ہو گا تو تعلیم ، خوشحالی اور ترقی ہوگی لہذا ہمیں ایسا کوئی غیر سنجیدہ عمل کرنے سے گریز کرنا چاہیئے جس سے ضلع کرم کے امن کو ٹھیس پہنچے۔ علاقے میں امن اور نئی نسل کے بہتر مستقبل کی خاطر اتفاق و اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور علاقے میں امن و امان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے حکومت اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کرنا ہو گا۔ ضلع کرم کے عوام نے ایک سال کیلئے ''امن تیگہ'' کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اسے ضلع کیلئے نیگ شگون قرار دیا ہے۔