م*کمشنر کوہاٹ ڈویژن کا لوئر اورکزئی کے ہیڈ کوارٹر کلایہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

ہفتہ 24 مئی 2025 19:05

& پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2025ء)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے صوبائی حکومت اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر لوئر اورکزئی کے ہیڈ کوارٹر کلایہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کچہری میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین ، انتظامیہ کے افسران، پولیس اور لائن ڈپارٹمنٹس کے سربراہان کے علاوہ قبائلی مشران اور عمائدین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران مقامی لوگوں نے درپیش مسائل، عوامی بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری، صحت، تعلیم، سڑکوں، پانی و بجلی اور دیگر بنیادی مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر عوامی مسائل تحمل سے سنے اور متعلقہ محکموں کو ان کے فوری حل کیلئے ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سرکاری محکموں کے حکام نے عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا اور ان کے مسائل کا حل یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے، شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ علاقے کے مشران اور عمائدین نے کھلی کچہری کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے حکومت خیبرپختونخوا کا اچھا اقدام قرار دیا اور کمشنر کوہاٹ اور ضلعی انتظامیہ کا عوامی مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔