جہلم ،تیز آندھی نے تباہی مچا دی، دیواریں ،چھتیں گرنے سے 3 افراد جاں بحق،10زخمی

ہفتہ 24 مئی 2025 20:10

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2025ء)جہلم و گرد و نواح میں شدید آندھی اور تیز ہوائوں نے تباہی مچادی ،مختلف علاقوں میں دیواریں، درخت اور گھروں کی چھتیں گرنے کے باعث خاتون سمیت کم از کم 3 افراد جاں بحق اور 10 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گل افشاں کالونی میں ایک نوجوان درخت گرنے کے باعث جاں بحق ہوا جبکہ ویسٹ کالونی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔

(جاری ہے)

ڈھوک وہاب دین میں ہوٹل کی دیوار گرنے سے ایک ویٹر زندگی کی بازی ہار گیا۔دینہ میں مویشی منڈی کے قریب دیوار گرنے سے 3 افراد شدید زخمی ہوئے جبکہ پنڈدادخان میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد زخمی ہوئے۔تیز آندھی کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کئی گھروں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹس، ہورڈنگ بورڈز اور دیگر سامان زمین بوس ہو گیا۔متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بھی متاثر ہوئیں جنہیں گرنے والے درختوں اور بورڈز نے نقصان پہنچایا۔