بھارت،پونے میں ہندو مسلم مذاہب کی شادیاں ایک سٹیج پر،مثال قائم

باپ کی حیثیت سے دلہن کا دکھ دیکھ کر دل بھر آیا، یوں لگا جیسے میری اپنی بیٹی کی شادی ہے ،فاروق قاضی

اتوار 25 مئی 2025 12:55

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)بھارتی شہر پونے میں بارش سے ہندو جوڑے کی شادی متاثر ہوئی تو مسلم خاندان نے اپنے ولیمے کا مقام رسومات کیلئے پیش کردیا۔بھارتی میڈیاکے مطابق پونے میں اس وقت اتحاد اور انسانیت کی شاندار مثال دیکھنے کو ملی جب تیز بارش نے ایک ہندو شادی کی تقریب کو متاثر کردیا اور ایک مسلم خاندان نے اپنے بیٹے کے ولیمے کی تقریب کا مقام ہندو شادی کیلئے دے دیا۔

یہ واقعہ پونے کے علاقے وانواڑی میں پیش آیا، جہاں سًنکرتی کاوڈے اور نریندر گلاندے کی شادی کی تیاریاں آخری مراحل میں تھیں کہ اچانک تیز بارش نے سب کچھ درہم برہم کر دیا، مہمانوں نے بھاگ کر پناہ لی اور کھلا میدان پانی سے بھر گیا۔اسی مقام کے ساتھ ایک ہال میں ریٹائرڈ پولیس آفیسر فاروق قاضی کے بیٹے محسن اور دلہن ماہین کا ولیمہ جاری تھا، ہندو خاندان نے جب اپنی مجبوری بیان کرتے ہوئے قاضی خاندان سے ہال میں شادی کی اجازت مانگی تو انہوں نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے فوراً ہاں کر دی۔

(جاری ہے)

ہندو دلہن کے خاندان کے قریبی دوست نے بتایا کہ قاضی خاندان نے صرف جگہ نہیں دی بلکہ ان کے مہمانوں نے خود ہندو شادی کی تیاری میں ہاتھ بٹایا، ہندو رسومات پہلے ادا کی گئیں، اس کے بعد ولیمہ ہوا اور پورے ماحول میں خوشی، عزت، اور ہم آہنگی کا رنگ غالب رہا۔دلہن کے دادا سنتارم کاوڈے نے کہا کہ خاندان کئی مہینوں سے اس دن کا انتظار کر رہا تھا، لیکن قدرتی آفت نے سب کچھ بدل دیا تاہم جو اتحاد اور محبت اس لمحے دیکھنے کو ملی وہ ناقابل فراموش ہے۔اس موقع پرفاروق قاضی نے کہا کہ ایک باپ کی حیثیت سے دلہن کا دکھ دیکھ کر دل بھر آیا، یوں لگا جیسے میری اپنی بیٹی کی شادی ہے اس وقت صرف انسانیت اہم تھی مذہب نہیں۔