لیسکو کا اتنا بڑا بریک ڈاون اتنے کم وقت میں چلنا ہماری بہترین کاوش ہے، چیف ایگزیکٹو لیسکو

اتوار 25 مئی 2025 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد رمضان بٹ نے لیسکو ریجن میں آنے والے شدید طوفان کے باعث ہونیوالے طویل بریک ڈائون کے حوالے سے کہا ہے کہ بدترین طوفان سے بجلی کا نظام بری طرح درہم برہم ہوا۔اتوار کو اپنی ایک پریس بریفنگ میں انہوں نے بتایا کہ طوفان کے فوری بعد لیسکو میں ایمرجنسی حالت کا نفاذ کر دیا تھا، الحمدللہ جنگی بنیادوں پر تمام سسٹم بحال کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اتنا بڑا بریک ڈاون اتنے کم وقت میں چلنا ہماری بہترین کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ طوفان سے 500کے وی سسٹم سے بریک ڈاون ہوا جس کے باعث 2300فیڈرز بند ہو گئے اور انتہائی کم وقت میں آپریشن روم کا کنٹرول سنبھال کر ہم نے تمام گرڈ چلا دیئے، اتنے کم وقت میں سسٹم کی بحالی ٹیم کی ہمت سے ممکن ہوئی۔ لیسکو چیف نے بتایا کہ تمام ڈسٹری بیوشن، جی ایس سی، جی ایس او سٹاف دفاتر رات بھر کھلے رہیں گے، تمام سٹورز بھی کھلوا دئے گئے ہیں تاکہ میٹریل کا ایشو نہ بنے،اتوار کو بھی دفاتر کھلے رہیں گے اور میں خود مانیٹرنگ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف وہ چند علاقے بند ہیں جہاں درخت یا تاریں گری ہیں۔