سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات بے بنیاد قرار

اتوار 25 مئی 2025 15:30

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) سرگودھا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان نے بعض سوشل میڈیا پوسٹس کو گمراہ کن اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ڈائریکٹر عبدالرزاق ڈھلوں سےمالی اختیارات واپس لینے کا کوئی یکطرفہ یا بے ضابطگیوں پر مبنی اقدام نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق چونکہ کمپنی کے چیف فنانس آفیسر (سی ایف او) کی آسامی خالی تھی، اس لیے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے متفقہ طور پر عارضی طور پر مالی اختیارات عبدالرزاق ڈھلوں کو تفویض کیے تھے تاکہ کمپنی کے مالی امور میں تسلسل قائم رکھا جا سکے، اب چونکہ رانا شکیل احمد کو باقاعدہ طور پر چیف فنانس آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے، لہٰذا عبدالرزاق ڈھلوں نے رضاکارانہ طور پر مالی اختیارات سے سبکدوش ہونے کی درخواست دی جسے بورڈ نے اپنے حالیہ اجلاس میں اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

اجلاس میں ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کردار کو مثبت قرار دیا گیا۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور درست معلومات کے لیے کمپنی کے مجاز ذرائع سے رجوع کریں۔