Live Updates

یوم تکبیر کا دن پاکستان کی برتری و مضبوطی کی یاد دلاتا ہے، وطن عزیز کو ایٹمی قوت بنانے والے ہر فرد پر ناز ہے، عبدالعلیم خان

منگل 27 مئی 2025 20:01

یوم تکبیر کا دن پاکستان کی برتری و مضبوطی کی یاد دلاتا ہے، وطن عزیز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی صدر اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنانے والے ہر فرد پر ساری قوم کو ناز ہے، ہم دفاع وطن کو نا قابل تسخیر بنانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایٹمی سائنسدان، دفاعی ماہرین، انجینئرز، ٹیکنیشنز اور سیاسی قیادت یکساں طور پر مبارکباد کی مستحق ہے جبکہ اس سال کا یوم تکبیر ''معرکہ حق" کے تناظر میں دوہری خوشیاں لایا ہے جس پر ہماری ایٹمی صلاحیت ہونے کے عملی نتائج بھی سامنے آ گئے ہیں۔

28 مئی کے دن کو یادگار قرار دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ یوم تکبیر پر بارگاہ خداوندی میں شکران نعمت ادا کرتے ہیں اور اس امر کا اعادہ کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھنے والے کبھی بھی اس کی رحمت سے مایوس نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

صدر استحکام پاکستان پارٹی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مضبوط دفاعی حصار رکھنے کے باوجود پاکستان نے خطے میں ہمیشہ امن کو ترجیح دی، طاقت کے توازن کو ملحوظ خاطر رکھا اور بلا شبہ ایٹمی قوت کے حامل پاکستان کا ذمہ دارانہ کردار لائق ستائش ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دفاع وطن کے حوالے سے پا ک فوج کی گراں قدر خدمات باعث اعزاز ہیں جنہوں نے 10 مئی کو دشمن کو ایک مرتبہ پھر شکست فاش سے دوچار کیا۔ استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنمائوں نے بھی یوم تکبیر پر ساری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔آئی پی پی کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان، جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی، صدر آئی پی پی لاہور ملک زمان نصیب، صدر شعبہ خواتین ڈاکٹر جویریہ سہروردی، نائب صدور پنجاب میاں جنید ذو الفقار اور یاسر عرفات چوہدری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ زندہ قومیں اپنے اسلاف اور ان کے کارہائے نمایاں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں، طاقت کا اظہار نہیں، دشمن کی پیش قدمی روکنا مقصد ہوتا ہے اور پاکستان کی ایٹمی صلاحیت نے دشمن کے جارحانہ عزائم کو نکیل ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ربع صدی بیت گئی، دشمن کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوئی اور پاکستان کے ایٹمی قوت ہونے کے باعث خطے میں طاقت کا توازن برقرار رہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات