Live Updates

کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کیلئے حکومت سندھ کی کوششیں تیز

منگل 27 مئی 2025 20:18

کراچی کی طرح دیگر شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کیلئے حکومت ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)کراچی کے بعد سندھ کے دیگر بڑے شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کے لیے حکومت سندھ نے کوششیں تیز کردیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ایک اعلی سطح وفد نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے کراچی میں ملاقات کی جس میں صوبے کے تیزی سے ترقی پذیر ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ممکنہ سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ اسد ضامن اور منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کمال دایو نے بھی شرکت کی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کی جانب سے سندھ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے سندھ کے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں دلچسپی کو خوش آئند سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہماری حکومت پبلک ٹرانسپورٹ میں انقلابی تبدیلی کے لیے پرعزم ہے اور پائیدار ٹرانسپورٹ ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس سروس کراچی میں شروع کر چکے ہیں، جسے عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے۔انہوںنے کہا کہ شہری ٹرانسپورٹ کا مستقبل صاف توانائی اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل میں ہے، سندھ کے عوام کو جدید، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات دے رہے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت سے ہم اپنے منصوبوں کی رفتار میں تیزی لا سکتے ہیں۔سینئر وزیر نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل سیکٹر میں تیزی سے کام کرنا چاہتے ہیں اور کراچی کے بعد دیگر بڑے شہروں میں بھی الیکٹرک بس سروس کا دائرہ کار بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات