حکومتِ پنجاب بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کر رہی ہے،چوہدری محمد شریف گھمن

اتوار 25 مئی 2025 18:40

سیالکوٹ ،25 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چوہدری محمد شریف گھمن نے کہا ہے کہ حکومتِ پنجاب اور محکمہ سوشل ویلفیئر بچوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبودکیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جن میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کا قیام، بچوں کے لیے ہیلپ لائنز اور بحالی مراکز شامل ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاپتہ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 مئی ہمیں ہر سال یاد دلاتا ہے کہ لاکھوں بچے آج بھی اس دنیا میں لاپتہ ہیں، جن کے والدین ہر لمحہ امید اور خوف کے درمیان زندگی گزار رہے ہیں، یہ دن نہ صرف ان بچوں کو یاد کرنے کا موقع ہے بلکہ یہ ایک اجتماعی بیداری کا دن ہے، جس کا مقصد معاشرے میں بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے ہر فرد، خاص طور پر والدین، اساتذہ، میڈیا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر یہ پیغام دینا ہے کہ ہر بچہ قیمتی ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو خود حفاظتی تربیت دی جائے، والدین کو آگاہی دی جائے اور ٹیکنالوجی کو استعمال میں لاتے ہوئے گمشدہ بچوں کی بازیابی کو مؤثر بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :