راولپنڈی میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹس اور سپلائی کے نظام میں بہتری لائی جارہی ہے، ایم ڈی واسا

اتوار 25 مئی 2025 19:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا)کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد سلیم اشرف نے کہا ہے کہ راولپنڈی کے شہریوں کو موسم گرما میں 19 ملین گیلن یومیہ پانی کی کمی سامنا رہتا ہے ،پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے مختلف سکیموں پر پہلے سے کام جاری ہے جن کی تکمیل سے بحران کو ختم کیا جاسکے گا،شہر بھر کے ٹریٹمنٹ پلانٹس اور سپلائی سسٹم کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے کہا کہ کینٹ و شہر میں بسنے والے مکینوں کو سرد موسم کے دوران 51 ملین گیلن یومیہ پانی کی سپلائی کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں سے 30.5 ملین گیلن ٹیوب ویلوں کے ذریعے، 10 ملین گیلن راول ڈیم سے اور 6 ملین گیلن یومیہ خانپور ڈیم سے حاصل کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو سردیوں میں تقریباً 7 ایم جی ڈی کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جو گرمیوں میں بڑھ کر تقریباً 19 ایم جی ڈی تک پہنچ جاتا ہے، اس کے ساتھ یومیہ پانی کی طلب 70 ایم جی ڈی تک پہنچ جاتی ہے۔

ایم ڈی واسا نے کہا کہ دونوں کنٹونمنٹس (راولپنڈی اور چکلالہ) کو بھی راول ڈیم سے تقریباً 12 ایم جی ڈی پانی ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانپور ڈیم پر دو نئے ہیوی پمپ لگائے جا رہے ہیں تاکہ پانی کی فراہمی کو 8 ایم جی ڈی تک بڑھایا جا سکے۔ خیابان سرسید کی تین یونین کونسلوں کو 24 گھنٹے پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر تکمیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی اہمیت کا یہ منصوبہ تین سال کی مقررہ مدت کے بجائے دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :