Live Updates

ژ*لندن، مکان میں آگ لگنے سے پاکستانی نڑاد خاتون اور ان کے تین بچے جاں بحق

اتوار 25 مئی 2025 21:25

ھ لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2025ء)لندن کے علاقے برینٹ میں مکان میں آگ لگنے سے پاکستانی نڑاد خاتون اور ان کے تین بچے جاں بحق ہو گئے۔یہ واقعہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات پر اسٹون برج کے علاقے ٹلٹ کلوز میں پیش آیا۔ فائر بریگیڈ کے مطابق، جب ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تو 43 سالہ خاتون، 15 سالہ بیٹی، 8 سالہ اور 4 سالہ بیٹے مردہ حالت میں پائے گئے۔

آگ اتنی شدید تھی کہ تین منزلہ دو مکانات مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ جاں بحق خاتون، تینوں بچوں کی ماں تھیں۔فائر بریگیڈ نے ایک اور 70 سالہ بزرگ خاتون اور ایک نو عمر لڑکی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا، جن کی حالت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔لندن فائر بریگیڈ کی رپورٹ کے مطابق، فائر فائٹرز نے ایک خاتون اور ایک بچے کو مکان کی دوسری منزل سے بچا کر باہر نکالا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکے اور ان کی موت کی تصدیق موقع پر ہی کر دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس اور فائر بریگیڈ واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا سکیں۔ سپریٹنڈنٹ اسٹیو ایلن نے کہا کہ یہ ایک انتہائی المناک سانحہ ہے، اور ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہیں۔برینٹ ایسٹ سے رکن پارلیمنٹ ڈان بٹلر اور میئر آف لندن صادق خان نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری کمیونٹی اس صدمے سے دوچار ہے۔پڑوسیوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان 20 سال قبل پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا تھا اور سب لوگ ان سے واقف تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات