کمشنر کوہاٹ کی سرکاری افسران کو عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے مربوط اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت

اتوار 25 مئی 2025 22:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ’’عوامی ایجنڈا‘‘ کے تحت ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد عرفان الدین چترالی کے ہمراہ کلایہ، ضلع اورکزئی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء نے اپنے محکموں سے متعلق پیش رفت، مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر کوہاٹ نے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائیں اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مربوط اور موثر اقدامات اٹھائیں۔

(جاری ہے)

معتصم باللہ شاہ نے علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے اس لئے تمام ادارے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کریں۔ دریں اثناء کمشنر کوہاٹ نے علاقے کے عمائدین سے بھی ملاقات کی اور ان سے ضلع میں ترقیاتی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ امن و امان کے حوالے سے بھی مشاورت کی۔ انہوں نے عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہری بھی منعقد کی۔

متعلقہ عنوان :