گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجویٹ کالج میں لیپ ٹاپ اور سکالرشپس تقسیم کی تقریب

پیر 26 مئی 2025 17:05

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجویٹ کالج سرگودھا میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ اور سکالرشپس تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اظہر عباس تھے، جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ملنے والے 9 لیپ ٹاپ ہونہار طلباءو طالبات میں تقسیم کیے۔

(جاری ہے)

مزید برآں، 11 طلباءو طالبات کو تعلیمی سکالرشپس سے بھی نوازا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اظہر عباس نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف طلباءکی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا بلکہ انہیں تعلیمی میدان میں مزید آگے بڑھنے کے لیے تحریک بھی دے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نوجوانوں کی تعلیم و ترقی کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھا۔ یہ اعزاز گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجویٹ کالج سرگودھا کے طلباء کی انتھک محنت، اُساتذہ کی رہنمائی اور ادارے کی بہترین تعلیمی روایات کامظہرہے۔