قانون کی عملداری اورشہریوں کے تحفظ کےلئے پی ایچ پی کو جدید مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے، ایڈیشنل آئی جی

پیر 26 مئی 2025 19:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) پنجاب سیف سیٹیز اتھارٹی کے تعاون سے پنجاب ہائی وے پٹرول کو جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جا رہا ہے،یہ بات ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے اپنے ایک بیان میں بتائی۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ پی کی تمام پوسٹیں بھی متعلقہ اضلاع کی سیف سٹیز اتھارٹیز کے ساتھ منسلک ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

پی ایچ پی کے 39 اہلکار 13 اضلاع میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی دفاتر میں تعینات کئے جائیں گے جو 24 گھنٹے تین شفٹوں میں فرائض انجام دیں گے۔ڈاکٹر اطہر وحید نے مزید کہا کہ اس سر ویلینس سسٹم سے شاہرات پر پیش آنے والے حادثات اورجرائم کی بر وقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلہ میں صوبہ بھر میں پی ایچ پی پوسٹوں پر شاہرات کی کوریج کے لیے جدید کیمرے لگائے جائیں گے- اس اقدام سے شاہراہوں پر ٹریفک کی مانیٹرنگ میں مدد ملے گی جس سے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے ای چالان کیے جائیں گے۔