فیصل آباد،ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق‘ ماں بیٹی سمیت 8 افراد بری طرح زخمی

پیر 26 مئی 2025 20:26

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مئی2025ء)ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق‘ ماں بیٹی سمیت 8افراد بری طرح زخمی ہو گئے‘ ریسکیو1122 نے نعشوں کو پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال پہنچا دیا۔ آ کے مطابق تھانہ بلوچنی کے علاقہ شیخوپورہ روڈ پر اڈا بلوچنی کے قریب تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر سڑک کنارے رکشہ پر چڑھ گیا، جس میں سوار 60سالہ کشور بی بی زوجہ شوکت علی سکنہ 61رب جاں بحق ہو گئی جبکہ 70سالہ مقصود ولد عبدالغفور سکنہ 266 رب‘ 55 سالہ ڈرائیور محمود ولد نواب سکنہ شاہکوٹ‘ 35سالہ غزالہ اکرم زوجہ محمد مزمل سکنہ دوست پورہ‘ 35سالہ سونیا جاوید زوجہ ذیشان‘ اسکی 3سالہ بیٹی شیزہ ساکنان 61رب‘ 50سالہ زاہدہ پروین زوجہ سلیم سکنہ اڈا بلوچنی‘ 18سالہ امانیہ دختر عبدالرحمن سکنہ 61رب‘ 45سالہ اقبال ولد شریف سکنہ 61رب بری طرح زخمی ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

حادثے کا مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ دوسرا حادثہ تھانہ صدر کے علاقہ ستیانہ روڈ پر پیش آیا جہاں پر تیز رفتار ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خورشید احمد لقمہ اجل بن گیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثہ کے مرتکب ڈرائیور ممتاز کو حراست میں لیکر بازپرس شروع کر دی ہے۔