ناتھا خان پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث مسافر بس الٹ گئی،متعدد افراد زخمی

پیر 26 مئی 2025 22:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2025ء) تھانہ ائیر پورٹ کی حدود ناتھا خان پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک مسافر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پیر کو ترجمان ملیر پولیس کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوکی ٹیمیں فوری طورپر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔

(جاری ہے)

پولیس اور ٹریفک اہلکاروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جبکہ ریسکیو عملے نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیاہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے الٹی ہوئی بس کو ہٹا کر سڑک کو کلیئر کرا دیا، جس سے ٹریفک کی روانی بحال ہو گئی۔پولیس نے حادثہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔