چیئرمین ویلج کونسل بانڈہ قاضی نے مین نالے کی تعمیر کا کام شروع کرا دیا

منگل 27 مئی 2025 11:34

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) چیئرمین ویلج کونسل بانڈہ قاضی II جھنگی محمد طاہر مغل نے کہا ہے کہ ویلج کونسل میں بجلی کے کھمبوں کی تنصیب کے بعد مین نالے کی کھدائی اور تعمیر کا کام شروع کروا دیا گیاہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اجتماعی کاموں کو پہلے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،فنڈز کی فراہمی پر تمام بنیادی مسائل حل کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی کے کھمبے علاقہ میں پہنچ چکے ہیں جن کی تنصیب سے علاقہ میں بجلی کے مسائل حل ہو جائیں گے، ہم نے علاقہ میں بڑے بند نالے کی مرمت اور اسے نیا بنانے کے لئے کام شروع کر دیا ہے، پہلے نالے کو کھلا اور گہرا کیا جائے گا تاکہ برسات کے موسم میں نالہ کے پانی سے گھر محفوظ رہ سکیں، نالہ بند ہونے کی وجہ سے بچوں کو سکول آنے جانے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ اس موقع پر بانڈہ قاضی کے شہریوں نے محمد طاہر مغل کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کروانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ محمد طاہر مغل نے کہا کہ وہ اپنے علاقہ کے خادم ہیں، اپنے علاقہ کی خدمت ہمیشہ جاری رہے گی، بہت جلد بانڈہ جات روڈ کا بھی کام شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :