Live Updates

عید قربان کی آمد،نیاموآنہ مویشی منڈی سمیت دیگر سیل پوائنٹس پر جانوروں کی آمد سے رونقیں دوبالا

منگل 27 مئی 2025 12:00

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)عید قربان کی آمد کے موقع پرفیصل آبادکی نیاموآنہ مویشی منڈی سمیت دیگر سیل پوائنٹ پر جانوروں کی آمد سے رونقیں دوبالا ہو گئیں، تاہم مہنگے جانوروں کی وجہ سے خریداری کم جبکہ قربانی کے جانوروں کو دیکھنے والوں کا رش لگناشروع ہو گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق عید قربان کی آمد کے سلسلہ میں شہر کی نیاموآنہ مویشی منڈی اور اس کے باہر سمیت شہر کے دیگر مقامات پر عارضی مویشی منڈیاں جھنگ روڈ،ستیانہ روڈ پر خانوآنہ کے قریب قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

قربانی کے جانوروں کی آمد کے ساتھ ہی مویشی منڈیوں کی رونقیں دوبالا ہو گئیں تاہم مہنگائی کے باعث بیوپاری قربانی کے جانوروں کے منہ مانگے دام مانگنے لگے جس کی * وجہ سے خریداری بہت کم جبکہ قربانی کے جانور دیکھنے والوں کا رش بڑھ گیا۔

(جاری ہے)

لوگوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانور دیکھنے کیلئے مویشی منڈیوں کا رُخ کرنے لگی۔شہری اپنے دوست احباب اور والدین اپنے بچوں کے ہمراہ قربانی کے جانور دیکھنے کیلئے مویشی منڈی پہنچ گئے۔

وزنی اور خوبصورت جانوروں کی آمد سے مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہونے لگی۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مویشی منڈیوں کے علاوہ شہر بھر کے اکثر علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے لیکن پھر بھی شہر بھر میں اہم چوراہوں،شاہراہوں پر بیوپاریوں کی بڑی تعدادبکروں،چھتروں کے ساتھ ساتھ بڑے جانوروں کی خریدوفروخت کیلئے پہنچ گئے۔ مویشی منڈیوں اور قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس پر سکیورٹی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :