منڈی مویشیاں کھاریاں میں جانوروں سے لدی بے ہنگم گاڑیاں، اوور پارکنگ،سٹی ٹریفک پولیس ناکام

مال آف کھاریاں سے کھاریاں پریس کلب تک پارکنگ فل، ریلوے لائن کے ساتھ بھی پارکنگ ایریا میں مزید گنجائش نہیں رہی

منگل 27 مئی 2025 15:02

کھاریاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)منڈی مویشیاں کھاریاں میں جانوروں سے لدی بے ہنگم گاڑیاں، اوور پارکنگ، جی ٹی روڈ بلاک، ہزاروں گاڑیاں لائن میں لگ گئیں، این ایچ اے، سٹی ٹریفک پولیس اور انتظامیہ روڈ کلیئر کروانے میں ناکام تفصیلات کے مطابق منڈی مویشیاں کھاریاں میں روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کے جانوروں کی خریدو فروخت کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے روزانہ تقریبا دو سو سے زائد دیہات اور قصبوں سے مویشی کی خریدو فروخت کے حوالے سے جانوروں سے لدی ہیوی ویٹ گاڑیاں کھاریاں کا رخ کرتی ہیں، منڈی مویشیاں میں انتظامیہ کی جانب سے الاٹ پارکنگ ایریا تجاوز کر چکا ہے، مال آف کھاریاں سے کھاریاں پریس کلب تک پارکنگ فل ہو چکی ہے جبکہ منڈی مویشیاں کے عقب میں ریلوے لائن کے ساتھ بھی پارکنگ ایریا میں مزید گنجائش نہیں رہی جس کی وجہ سے ہیوی ویٹ گاڑیوں نے از خود جی ٹی روڈ کو پارکنگ بنا لیا جس کی وجہ سے لاہور سے راولپنڈی جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریاں جی ٹی روڈ پر دیکھنے کو مل رہی ہیں ، مسافروں کا گرمی سے برا حال ہے ، خواتین ، بچے اور بزرگوں کو ٹریفک جام سے شدید پریشانی کا سامنا ہے، کھاریاں انتظامیہ ٹریفک کا نظام بحال کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، ارباب اختیار سے عوام کی اپیل ہے کہ بے ہنگم ٹریفک کی روک تھام کے حوالے سے کوئی بہتر حکمت عملی اپنائی جائے اور اس مسئلہ کو فورا حل کر کے عوام کو اس پریشانی سے نجات دلائی جائے۔