سیکرٹری سپورٹس کی زیر صدارت اجلاس،نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوٹل کی تعمیر کے منصوبہ کا جائزہ لیا

منگل 27 مئی 2025 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2025ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب مظفرخان سیال کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ منگل کو پنجاب سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوٹل کی تعمیر کے منصوبہ کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس کو بریفنگ دی۔

سیکرٹری سپورٹس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں 4فلور پر مشتمل جدید ہوٹل بنایا جائے گا،ہوٹل میں 65کمرے، جدید میٹنگ ہال ودیگر سہولیات میسر ہوں گی، جدید ہوٹل کی تعمیر سپورٹس کی ترقی کے لئے اہم ہے،ہوٹل کی تعمیر سے سپورٹس ایونٹس کے انعقاد میں زیادہ آسانی ہوگی اور سکیورٹی کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی ستیاں مری میں بھی سپورٹس گراؤنڈکی تعمیر ہورہی ہے،بھلوال اور بھیرہ میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں، اس سال کھیلتا پنجاب گیمز بڑے پیمانے پر زیادہ سپورٹس ڈسپلن کے ساتھ ہوں گی۔

اجلاس میں انڈوومنٹ فنڈاورسپورٹس کیلنڈر کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری،ایڈیشنل سیکرٹری میاں عثمان علی،ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم اور پی ڈی پی ایم یو قیصر رضا، فنانس اور پلاننگ ڈویلپمنٹ کے اداروں کے افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :