وانا ، والی بال گراونڈ پر ڈرون حملہ، 15شہری زخمی

سیکیورٹی فورسز اورپولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا

منگل 27 مئی 2025 22:40

برمل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2025ء)جنوبی وزیرستان میں لوئر وانا تحصیل برمل کے والی بال گراؤنڈ میں ہونے والے ڈرون حملے میں 15سے زائد افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق جنوبی وزیرستان کے لوئر وانا، تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں واقع والی بال گراؤنڈ پر ڈرون سے بم گرائے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 15سے زائد شہری زخمی ہوگئے ہیں۔

گراؤنڈ میں مقامی افراد والی بال کھیل رہے تھے کہ اچانک ڈرون سے بم گرایا گیا جس کے بعدعلاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔زخمیوں کو فوری طور پر وانا کے ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اورپولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔