Live Updates

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنایا،خولہ خان

28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی جاری ہے

بدھ 28 مئی 2025 16:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)چیئرپرسن خان آف منگ فاؤنڈیشن محترمہ خولہ خان نے کہا ہے کہ یوم تکبیر ملکی سلامتی اور قومی وقار کی علامت ہے۔اپنے پیغام میں خولہ خان نے کہا کہ یوم تکبیر پر پوری قوم کو مبارک پیش کرتی ہوں،یوم تکبیر ملکی سلامتی اور قومی وقارکی علامت ہے،اس دن نامور ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنایا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو چاغی کے پہاڑوں میں بلند ہونے والے نعرہ تکبیر کی گونج آج بھی جاری ہے،جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے شہدا ہمارا فخر اور شہدا کی یادگاریں ہمارا قومی اثاثہ ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یوم تکبیر ہمارے قومی دفاع، خودمختاری اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے، 28 مئی کا دن ہمیں اس عظیم کامیابی کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت کا لوہا منوایا، یوم تکبیر ہمارے قومی عزم، حوصلے اور اتحاد کی علامت ہے۔قوم کو خود انحصاری اور خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے والے پاکستانی سائنسدانوں،انجینئرز اور باشعور سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات