بلوچستان میں صحت کے نظام کی مانیٹرنگ کو ادارہ جاتی شکل دی جائے گی،وزیر صحت بلوچستان بخت محمدکاکڑ

بدھ 28 مئی 2025 19:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ بلوچستان میں صحت کے نظام کی مانیٹرنگ کو ادارہ جاتی شکل دی جائے گی،سہ ماہی نوعیت کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ نظام سے بہتری آئے گی ،مانیٹرنگ ٹیموں نے پہلی بار ایک خصوصی ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے ذریعے تمام اضلاع میں موجود صحت مراکز کی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی اقدامات سمیت مختلف امور کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کیاجو حوصلہ افزاء ہے ۔

ان خیالات کااظہار بدھ کو وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے محکمہ صحت بلوچستان کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں مکمل ہونے والی ہیلتھ فیسلٹی مانیٹرنگ مہم کے نتائج اور آئندہ اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی، سپیشل سیکرٹری شہک بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز بلوچستان ڈاکٹر امین مندوخیل، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ سروسز ہاشم شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ رزاق ساسولی،ڈائریکٹر ٹیکنیکل بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام ڈاکٹر شاہ کوہ مینگل ، صوبائی کوآرڈینیٹر برائے بلوچستان ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم ڈاکٹر ابابگر بلوچ، صوبائی کوآرڈینیٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام ڈاکٹر شیر افگن رئیسانی ،سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں مانیٹرنگ مہم کے دوران سامنے آنے والی خامیوں، بہتری کے مواقع، اور زمینی حقائق کی روشنی میں اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ان کی ہدایت پر مہم کے دوران ہر ضلع کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، دو رورل ہیلتھ سنٹرز اور دو بنیادی مراکز صحت کا جامع معائنہ کیا گیا۔مانیٹرنگ ٹیموں نے پہلی بار ایک خصوصی ڈیجیٹل ایپلیکیشن کے ذریعے تمام اضلاع میں موجود صحت مراکز کی سہولیات، عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، بنیادی ڈھانچے اور حفاظتی اقدامات سمیت مختلف امور کا مکمل ڈیٹا ریکارڈ کیا۔

اس ڈیجیٹل طریقہ کار نے نہ صرف شفافیت کو یقینی بنایا بلکہ فوری تجزیے کی بنیاد بھی فراہم کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مانیٹرنگ کے نتائج کی بنیاد پر ہر ضلع میں موجودہ کمزوریوں کو دور کرنے، ناکارہ سسٹمز کو بہتر بنانے اور فعال مراکز کی مزید حوصلہ افزائی کے لیے ایک جامع اصلاحاتی منصوبہ ترتیب دیا جائے گا، جس کی باقاعدہ منظوری وزیر اعلی بلوچستان سے لی جائے گی۔مزید برآں اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ مانیٹرنگ کے اس عمل کو مستقل بنیادوں پر ادارہ جاتی شکل دی جائے اور ہر سہ ماہی میں اس نوعیت کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ صحت نظام کی بہتری میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔