ڈی جی لیویز نے رشوت خوری میں ملوث 18اضلاع کے 62اہلکاروں کو معطل کردیا

بدھ 28 مئی 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس عبدالغفار مگسی نے بدعنوانی اور چیک پوسٹوں پر رشوت خوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے 18 اضلاع کے 62 اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا ۔

(جاری ہے)

معطل کیے گئے اہلکاروں میں رسالدار، نائب رسالدار، دفعدار، حوالدار، سپاہی اور ڈرائیور شامل ہیں، جن کا تعلق قلعہ عبداللہ، پشین، چمن، کچھی، خضدار، موسیٰ خیل، بارکھان، شیرانی، لورالائی، ژوب، سبی، واشک، چاغی، جھل مگسی، مستونگ، سوراب، پنجگور اور نوشکی سے ہے۔

ڈی جی لیویز نے واضح کیا ہے کہ بدعنوانی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کی فورس میں کوئی جگہ نہیں۔معطل شدہ اہلکاروں کے خلاف انکوائری کے لیے ڈاکٹر میر وائس خان، ڈائریکٹر (ایڈمن/فنانس) کو انکوائری آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جو 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ڈی جی لیویز نے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو ایمانداری، دیانتداری اور فرض شناسی سے ادا کریں، بصورت دیگر سخت تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :