مسجد اقصی کے احاطے میں اشتعال انگیزی پرمتحدہ عرب امارات میں اسرائیلی سفیر کی طلبی

جمعرات 29 مئی 2025 13:37

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2025ء)متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرکے مسجد اقصی کے احاطے اور پرانے شہر کے مسلم کوارٹرز میں فلسطینیوں کے خلاف کی جانے والی جارحانہ کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیت المقدس اور فلسطینی مسلمانوں کے خلاف یہ طرزِ عمل اشتعال انگیزی اور القدس کے تقدس کی صریح خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی انتہا پسندوں کے بار بار حملے انتہا پسندانہ مہم کی شکل اختیار کر رہے ہیں جس میں نہ صرف برادر فلسطینی عوام بلکہ عالمی برادری کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔اس عمل سے کشیدگی میں اضافہ ہو گا جو کسی طرح مناسب نہیں خاص طور سے جب غزہ پٹی میں جاری المیے کو ختم کرنے کی کوششوں پر توجہ دی جانی چاہیے۔اماراتی حکومت نے اسرائیلی حکام پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس قسم کے اشتعال انگیز کارروائیوں کی مذمت کریں اور وزرا یا اعلی عہدیداروں سمیت تمام ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :