ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کی زیر صدارت عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے حوالے سے اجلاس

جمعرات 29 مئی 2025 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس برائے عیدالاضحیٰ منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کیلئے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خصوصی انتظامات کرے گا۔ شہریوں کی سہولت کیلئے 1139 ، 1718 اور 9250011 ہیلپ لائنز 24 گھنٹے فعال رہیں گی۔

چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور لوکل گورنمنٹ کے مقامی حکام عید کے تینوں روز ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عید الاضحیٰ پر صفائی کے انتظامات مثالی ہونگے۔ علماءکرام صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام الناس کو تاکید کریں کہ وہ عملہ صفائی سے تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں، باقیات اور فضلہ جات کو ایس ڈبلیو ایم سی کے عملہ کے سپرد کریں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، چیف آفیسر کاشف نواز رندھاوا ، اے سی انعم بابر، غلام فاطمہ ، عثمان غنی اور سدرہ ستار کے علاوہ اراکین ضلعی امن کمیٹی نے بھرپور شرکت کی۔آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے دعا کی گئی۔