Live Updates

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 کی قومی اسمبلی سے منظورکرنے کی سفارش

جمعرات 29 مئی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ومحصولات نے انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 کوقومی اسمبلی سے منظورکرنے کی سفارش کی ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ ومحصولات کا اجلاس جمعرات کویہاں ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں انکم ٹیکس (دوسری ترمیم) بل 2025 کا جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے بل میں شامل نئی شق تین اے کی دوسری توضیح پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری محصولات نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ معزز ارکان کے تحفظات کو مدنظر رکھا جائے گا اور الفاظ کو بل سے حذف کر دیا جائے گا۔ اس یقین دہانی کے بعد کمیٹی نے ترمیم شدہ بل کو قومی اسمبلی سے منظور کرنے کی سفارش کر دی۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی جانب سے پیش کئے گئے سوال نمبر 38، جس میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 99ڈی کے نفاذ پر سوال اٹھایا گیا تھا اور شرمیلا فاروقی ہشام کی جانب سے پیش کردہ سوال نمبر 40، جس میں ڈیجیٹل کرنسیوں کو ترجیح دینے کی حالیہ پالیسی پر تشویش ظاہر کی گئی تھی، پر بھی گفتگو ہوئی۔

(جاری ہے)

تفصیلی بحث کے بعد کمیٹی نے ان دونوں نکات کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا۔ آغارفیع اللہ کی جانب سے اُٹھائے گئے اور سپیکر کی جانب سے کمیٹی کو بھیجے گئے وفاقی اداروں میں اعلان کردہ کم از کم اجرت کے نفاذ نہ ہونے سے متعلق رپورٹ بھی محرک کی غیر حاضری کے باعث مؤخر کر دی گئی۔ اجلاس میں مختلف صنعتی حلقوں کی نمائندہ تنظیموں کی جانب سے ٹیکس اصلاحات سے متعلق تجاویز بھی زیر غور آئیں، جن میں آئل ریفائننگ انڈسٹری ایسوسی ایشن، پاکستان فروٹس اینڈ ویجیٹیبل ایکسپورٹرز، امپورٹرز اینڈ مرچنٹ ایسوسی ایشن ، پاکستان فروٹ جوس کونسل، اور رائٹنگ انسٹرومنٹس مینوفیکچررز گروپ آف پاکستان شامل تھے۔

کمیٹی نے سیکرٹری ریونیو ڈویژن کو تمام وفود کے ساتھ انفرادی سماعتوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی تاکہ ان کی تجاویز پر تفصیل سے غور کیا جا سکے۔ اجلاس میں کمیٹی نے گزشتہ اجلاس کے منٹس متفقہ طور پر منظور کر لئے۔ اجلاس میں عمر ایوب خان ، رانا ارادت شریف خان، سید سمیع الحسن گیلانی، ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ، محمد جاوید حنیف خان، محمد علی سرفراز، محمد مبین عارف، عثمان میلہ،شاہدہ بیگم،شرمیلا فاروقی اور عالیہ کامران کے علاوہ وزارت خزانہ اور ریونیو ڈویژن کے سیکرٹریز اور افسران نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات