سعودی عرب کے یمن میں "مسام" منصوبے ایک سال کی توسیع، 52.9 ملین ڈالر کا معاہدہ

جمعہ 30 مئی 2025 09:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) سعودی عرب نے یمن میں بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے جاری "مسام" منصوبے کے معاہدے میں ایک سال کی توسیع کا اعلان کیا ہے، جس پر تقریباً 52.9 ملین ڈالر کی لاگت آئے گی۔ العربیہ کے مطابق اس منصوبے میں سعودی ماہرین اور بین الاقوامی تجربہ رکھنے والی ٹیمیں شامل ہیں، جنہوں نے یمنی عملے کی تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے تاکہ وہ خود بھی اپنی سرزمین کو ان بارودی خطرات سے پاک کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے شاہ سلمان ریلیف اینڈ ہیومنیٹیرین سینٹر کے نگرانِ اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ "یہ معاہدہ تجدید اس انسانی ذمے داری کے تحت کیا گیا ہے جو سعودی عرب اپنے یمنی بھائیوں کے لیے محسوس کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ یمن کے ان علاقوں کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے جہاں ان خطرناک دھماکہ خیز مواد کو اندھا دھند طریقے سے بچھایا گیا تھا۔ یہ سرنگیں مختلف اقسام اور شکلوں میں شہریوں کو نشانہ بناتی رہیں، جن کے نتیجے میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ دائمی معذوری یا موت کا شکار ہوئے۔