خوشاب روڈ سیکٹر کی میگا اسکیموں کو 20 جون تک مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیدیا گیا

جمعہ 30 مئی 2025 13:30

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)خوشاب روڈ سیکٹر کی میگا اسکیموں کو 20 جون تک مکمل کرنے کا الٹی میٹم دے دیا گیا۔زرائع کے مطابق سرگودھا ڈویژن کے ضلع خوشاب میں روڈ سیکٹر سے متعلق میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور دیگر انتظامی امور کے جائزہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودہا،خوشاب، میانوالی روڈ کے تحت ضلع خوشاب میں 60 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کی تعمیر اور پیل چوک سے اوچھالی تک 60.89 کلومیٹر سڑک کی تعمیر و مرمت اور مظفر گڑھ روڈ پر جوہرآباد سے گروٹ تک 25 کلومیٹر طویل سڑک کو دو رویہ بنانے کا کام جاری ہے۔

جبکہ خالق آباد پیٹرولنگ پوسٹ سے پھلواری تک سڑک کی بحالی اور پیل سے اوچھالی تک سڑک کی تعمیر و مرمت پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔کمشنر ملک جہانزیب اعوان کے سون ویلی کی مرکزی رابطہ سڑک کی تعمیر و بحالی میں حائل رکاوٹوں کے نوٹس پر بتایا گیا کہ بعض پہاڑی علاقوں میں مقامی افراد کی جانب سے تجاوزات قائم کیے جانے اور غیر مجاز راستوں پر خود ساختہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کی شکایات ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنر خوشاب کو ہدایت کی کہ خصوصی کمیٹی تشکیل دے کر حقائق کا تعین کریں اور غیر ضروری رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کروائیں تاکہ سڑکوں کی پائیداری اور تعمیراتی معیار متاثر نہ ہو۔ کمشنر سرگودہا نے جاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانیاور تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق 20 جون تک مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیا۔

متعلقہ عنوان :