ٹریفک پولیس لاہور کا بیدیاں روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، 9 افراد گرفتار

جمعہ 30 مئی 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) سی ٹی او لاہور کے حکم پر ٹریفک پولیس لاہور نے بیدیاں روڈ پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن میں 9 افراد گرفتار کرلئے ۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق بیدیاں روڈ پر قائم تجاوزات کو ہٹانے کیلئے سی ٹی او لاہور کے حکم پر آپریشن کلین اینڈ کلیئر کیا گیا۔ ڈاکٹر اطہر وحید کے حکم پر ایس ایس پی صدر ڈاکٹر فہد احمد کی سربراہی میں ڈویژنل ایس پی اور سرکل آفیسر نے اکروچمنٹ ٹیم کے ہمراہ گرینڈ آپریشن کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کلین اینڈ کلیئر میں ٹریفک پولیس کے ساتھ میونسپل کارپوریشن نے بھی حصہ لیا۔ سی ٹی او کا کہنا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو متعدد بار وارننگ دی گئی تھی، تجاوزات کے خلاف کلین اینڈ کلیئر آپریشن میں 9 افراد پر ایف آئی آر کا اندراج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔متعدد دکانوں کے آگے سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے دکانداروں کو آئندہ ایسا نہ کرنے کے لئے متنبہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے فائدے کیلئے سڑک پر قابض ہونا اور آمدو رفت بند کر دینا ہرگز منظور نہیں اس پر ایکشن لیں گے۔پچھلے 5 ماہ سے آپریشن کلین اینڈ کلیئر جاری ہے اور شہر کے مختلف علاقوں سے تجاوزات کا خاتمہ کر چکے ہیں۔