وائس چانسلر لمس کا سول ہسپتال حیدرآباد کا تفصیلی دورہ، طبی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ ليا

جمعہ 30 مئی 2025 19:10

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (لمس) جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاھری اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ سول ہسپتال حیدرآباد کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران وائس چانسلر نے گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ، آئی سی یو بلڈنگ، نیفرولوجی وارڈ، انڈوسکوپی سوٹ سمیت متعدد اہم طبی شعبہ جات کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولیات، عملے کی کارکردگی اور مریضوں کو دی جانے والی طبی خدمات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔

اس موقع پر اینویٹو اینڈ ایڈوانس سرجری کے پروفیسر ڈاکٹر ارشد ابڑو، گیسٹرو ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اکرم باجوہ، جنرل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر پونم جتوئی، سکیورٹی آر ایم او ڈاکٹر سعد عباسی اور شعبہ حادثات کے انچارج ڈاکٹر محمود سومرو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر اکرام الدین اجن نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو معیاری علاج کی سہولیات کی فراہمی لمس کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے متعلقہ شعبہ جات کے سربراہان کو خدمات میں مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاھری نے وائس چانسلر کو ہسپتال میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور مریضوں کی فلاح و بہبود کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :