ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 30 مئی 2025 23:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت وزیراعلی پنجاب سمر گیمز کے مقابلوں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہواہے۔جمعتہ المبارک کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے اجلاس میں ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم،ڈپٹی ڈائریکٹرطارق خانزادہ، یاسمین اختراور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر عباس نے شرکت کی ہے جبکہ پنجاب کے تمام ڈویژن اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی ہے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ مقابلوں میں شفافیت کیلئے مانٹیرنگ کمیٹی بنادی ہے، مانیٹرنگ افسران پنجاب کے تمام ڈسڑکٹ کے مقابلوں کی شفافیت بارے رپورٹ دیں گے،یکم جون سے پانچ جون تک پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ میں چار گیمز کے مقابلے ہوں گے، ٹرائلز دینے کیلئے ہر کھلاڑی کٹ پہن کرآئے گا،والی بال، ہاکی، بیڈمنٹن اور کبڈی کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ سطح کے مقابلوں سے پہلے تحصیل سطح پر ٹرائلز کا انعقاد ہوچکا ہے،وزیراعلی پنجاب سمر گیمز سے گراس روٹ لیول سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے، سمر گیمز کی ٹیموں، مقابلوں اور انتظامات کی بھی باقاعدہ مارکنگ ہو گی،12سے18جون تک لاہور میں انٹرڈویژن مقابلے ہوں گے۔ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے وزیراعلی پنجاب سمر گیمزکی مانیٹرنگ کے 9رکنی کمیٹی بنادی ہے، کمیٹی میں بلال اکرم، کمال الدین، یاسمین اختر، رئیس الرحمان، طارق خانزاہ، مبشر شاہین، مصطفی شاہ، فرحت احسان اور زرینہ وقار شامل ہیں۔