مشفیق الرحیم نے یونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا

بنگلہ دیشی بیٹر سری لنکا میں بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ اسکورر بھی بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 19 جون 2025 12:07

مشفیق الرحیم نے یونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2025ء ) گال میں ہونے والے بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ میں مشفیق الرحیم نے پاکستان کے یونس خان کا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا۔ 
مشفیق الرحیم نے ٹیسٹ کیرئیر کی اپنی 12ویں سنچری سکور کی، جس کے بعد وہ سری لنکا کی سرزمین پر ٹیسٹ میں اوپنر کے علاوہ سنچری بنانے والے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی بن گئے۔

 
انہوں نے پاکستان کے یونس خان کا ریکارڈ توڑا، 2015ء میں سری لنکا میں میزبان ٹیم کے خلاف یونس خان نے 37 سال اور 216 دن کی عمر میں ٹیسٹ سنچری سکور کی تھی۔ 
بنگلہ دیشی بیٹر نے سری لنکا میں 38 سال اور 39 دن کی عمر میں ٹیسٹ سنچری بنا ڈالی، اس طرح انہوں نے یونس خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔
مشفیق رحیم نے محمد اشرفل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور سری لنکا کی سرزمین پر ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

(جاری ہے)

تجربہ کار بلے باز نے 350 گیندوں پر 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
اس کوشش کے ساتھ انہوں نے ایک بھی بال پھینکے بغیر سب سے زیادہ بین الاقوامی رنز (15,502) بنانے والے کھلاڑی بن کر سابق آسٹریلوی وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا جنہوں نے تمام فارمیٹس میں 15,461 رنز بنائے تھے۔