معاونِ خصوصی محمد سہیل آفریدی کا حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کا دورہ،تعمیر ہونے والے آرتھوپیڈک، اسپائن اور ٹراما یونٹ کے کام کا جائزہ

جمعہ 30 مئی 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2025ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات محمد سہیل آفریدی نے جمعہ کے روز حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (HMC) پشاور کا ہنگامی دورہ کیا۔ انہوں نے حال ہی میں تعمیر ہونے والے آرتھوپیڈک، اسپائن اور ٹراما یونٹ کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو پشاور کے انجینئرز اور ہسپتال انتظامیہ کے عہدیدارن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

محمد سہیل آفریدی نے دورے کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ منصوبہ خیبر پختونخوا حکومت کا ایک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کا مقصد حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ایمرجنسی اور آئی سی یو کے شعبوں کو جدید سہولیات پر استوار کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چھت سے پانی کا رساؤ ایک عارضی اور تکنیکی مسئلہ تھا جو اوٹی لائٹس کی انسٹالیشن کے دوران پیش آیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے باقی ماندہ تعمیراتی کام کو بھی بروقت اور بہتر انداز میں پایا تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ منصوبے کے تحت میڈیکل آلات کی بروقت فراہمی بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ ہسپتال کی طبی سہولیات مکمل طور پر فعال ہو سکیں۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب پیش کردہ فنڈز کی کمی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے .محمد سہیل آفریدی نے حکام کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملہ کو متعلقہ فورم کے ذریعے جلد از جلد حل کروائیں گے تاہم انہوں نے تاکید کی کہ عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے اپنا تمام کام معیاری انداز میں مقررہ وقت کے اندر مکمل کریں۔

متعلقہ عنوان :