Live Updates

چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل و امور نوجوانان کا اجلاس

جمعہ 30 مئی 2025 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل و امور نوجوانان کا اجلاس چیئرمین و رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی تاج محمد ترند، عبید الرحمان، حمید الرحمان، رجب علی خان عباسی، ریاض خان، ملک عدیل اقبال، عجب گل اور محمد خورشید نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران بٹگرام فٹبال گراؤنڈ سے متعلق مسئلے پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی شفیع اللہ جان نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ارباب نیاز سٹیڈیم کے حوالے سے پانچ رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو عید کے بعد اپنی کارروائی کا آغاز کرے گی اور ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تکمیل سے نہ صرف بین الاقوامی کرکٹ خیبر پختونخوا میں واپس آئے گی بلکہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران محکمہ سے متعلقہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کا بھی جائزہ لیا گیا، ہری پور، کوہاٹ اور سوات سے متعلق ترقیاتی و کھیلوں کے منصوبوں اور مسائل پر بھی تفصیل سے بحث کی گئی۔اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی اور کمیٹی کے سوالات کے جوابات دئیے۔ چیئرمین کمیٹی نے افسران کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کے مسائل کے حل اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ خیبر پختونخوا کے نوجوان قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات