یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں جدید انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کا آغاز

جمعہ 30 مئی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں جدید انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کا آغاز ہو گیا۔ترجمان کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یو ای ٹی لاہور میں تین نئے منصوبوں کا افتتاح کر دیا جن میں سی ہال، اقبال ہال، پانی کی فراہمی، سوئی گیس سسٹم کی تبدیلی اور ٹیوب ویل کی تنصیب شامل ہیں،مذکورہ منصوبوں کی مالی معاونت ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت فراہم کی ، سی ہال کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن پر 18.069 ملین روپے ، اقبال ہال کی اپ گریڈیشن پر 20.655 ملین اور پانی کی فراہمی، سوئی گیس سسٹم کی تبدیلی و ٹیوب ویل کی تنصیب پر 110.897 ملین روپے کی لاگت آئے گی۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یو ای ٹی میں جدید، محفوظ اور حفظانِ صحت کے مطابق انفراسٹرکچر تعلیمی ماحول اور طلبہ کے مجموعی تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے تمام ٹھیکیداروں اور مشیروں کی بروقت تکمیل اور معیار کی پاسداری پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے اس عزم کو دہراتی ہے کہ وہ طلبہ اور فیکلٹی کے لیے جدید ترین سہولیات اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اپ گریڈیشن یو ای ٹی لاہور کے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کے بڑے ویژن کا حصہ ہے۔