{پولیو مہم کے دوران 97فیصد بچوں کی کوریج ہوگئی ،اجلاس کو بریفنگ

جمعہ 30 مئی 2025 23:05

Qکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 مئی2025ء)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن(ر)مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پانچویں اور اختتامی روز کا جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ڈی ایچ او کوئٹہ، ڈپٹی ڈی ایچ او، اسسٹنٹ کمشنر سریاب، پولیو ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر، این سٹاپ، ای پی آئی، نیشنل ای او سی کے ممبران، تمام یونین کونسلز کے ڈی ایس اوز، سی بی ویز اور دیگر کوآرڈینیٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں جاری پولیو مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حالیہ مہم میں ہدف 465,934 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا تھا جن میں سے 455,060 بچوں کو کور کیا گیا، جس کے نتیجے میں مجموعی کوریج 97 فیصد رہی۔ابتدائی طور پر 7,287 بچوں کے والدین نے انکار کیا تھا، تاہم مثر فالو اپ کے بعد ان میں سے 2,600 بچوں کو ویکسینیٹ کیا گیا،جوکہ 65 فیصد رفیوزل کوریج بنتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں دورانِ مہم غفلت برتنے والی ٹیموں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے۔ سیکیورٹی صورتحال کو بھی اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے رپورٹ کیا گیا کہ سیکیورٹی کوریج 100 فیصد رہی۔ڈپٹی کمشنر نے اعلان کیا کہ کل سے کیچ اپ کمپین کا آغاز ہوگا، جس میں رفیوزل بچوں کو خصوصی طور پر ہدف بنایا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیو ٹیمیں اس کیچ اپ کمپین میں مشترکہ طور پر بھرپور شرکت کریں گی۔انہوں نے ہدایت جاری کی کہ کیچ اپ کمپین میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ناقص کارکردگی کی حامل ٹیموں کو فوری طور پر ہٹایا جائے گا اور ان کی جگہ نئی فعال ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :